امریکہ میں ہوئی ایک تحقیق میں یہ دعوا کیا گیا ہے کہ ویکسینیشن سے نہ صرف کورونا وائرس سے تحفظ حاصل ہوتا ہے بلکہ اس سے ذہنی صحت میں بھی بہتری آتی ہے۔
سدرن کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں ایسے شواہد سامنے آئے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ کووڈ انیس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن کرانے کے بعد لوگوں کو تناؤ کا کم سامنا ہوتا ہے اور ذہنی صحت میں بہتری آتی ہے۔
یہ تحقیق بنیادی طور پر سدرن کیلیفورنیا یونیورسٹی کے ایک طویل المیعاد منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد کورونا کی وبا سے امریکی عوام کی ذہنی صحت پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کرنا ہے۔
اس منصوبے کے لیے امریکا بھر میں آٹھ ہزار سے زیادہ افراد کو سروے فارم بھیجے گئے تھے تاکہ وبا سے ذہنی صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا جاسکے۔
محققین نے دریافت کیا کہ جو لوگ پہلے بہت زیادہ ڈپریس تھے ویکسینیشن کے بعد اس کی شرح میں پندرہ فیصد جبکہ معمولی ڈپریشن کی شرح میں چار فیصد تک کمی آئی۔محققین نے اس ڈیٹا کی بنیاد پر یہ تخمینہ بھی لگایا کہ ممکنہ طور پر ویکسینیشن کے بعد دس لاکھ افراد کی ذہنی پریشانی میں کمی آئی۔
مأخذ: ڈان نیوز