جشن نوروز کا عالمی فیسٹول کا آغاز
جشن نوروز کا عالمی فیسٹول، تہران کے شہر آفتاب فیسٹول سینٹر میں شروع ہو گیا۔
دو اپریل تک جاری رہنے والے اس فیسٹول کے انعقاد کا مقصد، ایران تاجیکستان، قزاقستان، کرقیزستان، ہندوستان، پاکستان، افغانستان، ترکی، ازبکستان، عراق اور آذربائیجان جیسے ممالک میں ہونے والی نوروز کی رسومات کو اجاگر کرنا ہے۔
اس موقع پر تہذیبی، ثقافتی اور تاریخی ورثے کی نمائش بھی کی جا رہی ہے اور تاریخی اور ثقافتی مراکز کے نمونے بھی تیار کئے گئے ہیں جبکہ ایران میں آباد مختلف قوموں کے رسم و رواج اور رہن سہن سے آگاہ کرنے کے لیے مختلف اسٹال لگائے گئے ہیں۔
نوروز ہجری شمسی سال کا پہلا دن ہے جس کا آغاز یکم فروردین، مطابق اکیس مارچ کو ہوتا ہے۔ نوروز قدیم ایرانی تہذیب کا باقی ماندہ ایک یادگار تہوار ہے۔
سن دو ہزار دس میں نوروز کے تہوار کو اقوام متحدہ کے کیلنڈر میں بھی بطور تہوار درج کیا گیا ہے۔