رمضــان المبارک کی آمــد کے موقـع پر خطبــہِ رســول الله (ص)
شیــخ صـدوق (رح) نے معـتبر سـند کے ساتھ امـام عـلی رضـا (ع) سے اور حضرت نے اپنے آباء طاہـرین (ع) کے واسطے سے امـیرالمومـنینؑ سے روایت کی ہے کہ آپؑ نے فرمـایا کہ ایک روز رسول اللہ (ص) نے ہمـیں خطبـہ دیتے ہوئے ارشـاد فرمـایا :
اے لـوگـو ! تمہاری طرف رحمتــوں اور برکتــوں والا مہینــہ آرہا ہے۔ جس میں گنـاہ معاف ہوتے ہیں۔ یہ مہینــہ خــدا کے یہاں سارے مہینــوں سے افضـل و بہتـــر ہے۔ جس کے دن دوسرے مہینــوں کے دنوں سے بہتر، جس کی راتیــں دوسرے مہینــوں کی راتوں سے بہتــر اور جس کی گھــڑیاں دوسرے مہینــوں کی گھڑیــوں سے بہتــر ہیں ۔ یہی وہ مہینہ ہے جس میں حـق تعــالیٰ نے تمہیں اپنی مہمــان نوازی میں بلایا ہے اور اس مہینے میں خدا نے تمہیں بزرگ افراد میں قرار دیا ہے کہ اس میں تمہارا سانس لینا تسبیــح اور تمہارا سونا عبادت کا درجہ پاتا ہے ۔ اس میں تمہارے اعمــال قبول کئے جاتے اور دعائیں منظور کی جاتی ہیں ۔
پس تم اچھی نیت اور بری باتــوں سے دلــوں کے پاک کرنے کے ساتھ اس مـاہ میں خــدا تعــالیٰ سے سوال کرو کہ وہ تم کو اس مــاہ کے روزے رکھنے اور اس میں تلاوتِ قــرآن کی توفــیق عطا کرے کیونکہ جو شخص اس عظیم مہینے میں خــدا کی طرف سے بخشـش سے محــروم رہ گیا وہ بدبخت اور بدانجــام ہوگا۔ اس مہینے کی بھوک پیاس میں قیامت والی بھوک پیاس کا تصــور کرو ! اپنے فقــیروں اور مسکینوں کو صدقہ دو ! بوڑھوں کی تعظیم کرو ! چھوٹــوں پر رحم کرو اور رشتــہ داروں کے ساتھ نرمی و مہــربانی کرو ! اپنی زبانوں کو ان باتوں سے بچاؤ جو نہ کہنی چاہئیں ! جن چــیزوں کا دیکھنا حــلال نہیں ان سے اپنی نگاہوں کو بچائے رکھو ! جن چیزوں کا سننا تمہارے لیے روا نہیں ان سے اپنے کانوں کو بند رکھو !
دوسرے لوگوں کے یتیم بچــوں پر رحم کرو تا کہ تمہارے بعد لوگ تمہارے یتیــم بچـوں پر رحم کریں ! اپنے گناہوں سے توبہ کرو ! خــدا کی طرف رخ کرو ! نمازوں کے بعد اپنے ہاتھ دعا کے لیے اٹھاؤ کہ یہ بہترین اوقات ہیں جن میں حق تعالیٰ اپنے بندوں کی طرف نظر رحمت فرماتا ہے اور جو بندے اس وقت اس سے مناجات کرتے ہیں وہ ان کو جواب دیتا ہے اور جو بندے اسے پکارتے ہیں ان کی پکار پر لبیک کہتا ہے.
اے لوگو ! اس میں شک نہیں کہ تمہاری جانیں گروی پڑی ہیں. تم خدا سے مغفرت طلب کرکے ان کو چھڑانے کی کوشش کرو۔ تمہاری کمریں گناہوں کے بوجھ سے دبی ہوئی ہیں تم زیادہ سجــدے کرکے ان کا بوجھ ہلکا کرو کیونکہ خدا نے اپنی عزت و عظمت کی قســم کھا رکھی ہے کہ اس مہینے میں نمازیں پڑھنے اور سجدے کرنے والوں کو عذاب نہ دے اور قیامت میں ان کو جہنم کی آگ کا خوف نہ دلائے. اے لوگو ! جو شخص اس ماہ میں کسی مؤمن کا روزہ افطار کرائے تو اسے گناہوں کی بخشش اور ایک غلام کو آزاد کرنے کا ثواب ملے گا. "
( امــالی صــدوق - صفحــہ 55 )
( عــیـون اخــبار الرضــا - جــلد 1- صفحــہ 293 )