امام رؤوف کے روضے کا پرچم تبدیل ہو گیا+ ویڈیو
محرم اور صفر کی عزاداری کے بعد 3 ربیعالاول کو حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضے کے گنبد پر نصب پرچم کو تبدیل کرنے کی روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
امام روؤف حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس پر نصب پرچم کو تبدیل کرنے کی روح پرور تقریب میں ہر سال لاکھوں ملکی اورغیر ملکی زائرین شرکت کرتے تھے تاہم اس بار کورونا وبا کی وجہ سے بہت ہی سادے لیکن روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس تقریب میں روضہ کے خادمین اور منتظمین نے پرچم کی تبدیلی کی رسومات انجام دیں۔ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی مخصوص زیارت کی تلاوت کرنے کے بعد کہ جس میں بہت بڑی تعداد میں خادمین اور منتظمین موجود تھے، نہایت ہی ادب و احترام اور باوقار انداز میں گنبد پر نصب پرچم کو تبدیل کیا گیا۔
آستان قدس رضوی کا سبز پرچم "لا الہ الا اللہ" اور نصرمن اللہ وفتح قریب" سے مزین ہے۔ پرچم کی تبدیلی کی تقریب رضوی سادات کے توسط سے انجام پائی۔
پرچم اور قبر مطہر پر چادر کی تبدیلی کی پر وقار تقریب صفوی دور سے عمل میں لائی جا رہی ہے۔ فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ مطہر پر ایام عزا میں سیاہ اور دیگر ایام عیدین اور معصومین کی ولادت کے ایاّم میں سبز پرچم نصب کیا جاتا ہے، جبکہ انہی ایام کی مناسبت سے قبر مطہر کی چادر بھی تبدیل کی جاتی ہے۔