Nov ۱۹, ۲۰۲۰ ۰۶:۳۸ Asia/Tehran
  • مچھلی کے تیل کے کیپسول امراض قلب سے نہیں بچا سکتے

ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مچھلی کے تیل کے کیپسول امراض قلب سے نہیں بچا سکتے۔

گزشتہ دنوں جاری ہونے والی 2 نئی طبی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی۔

اومیگا تھری چکنائی یا چربی کی ایسی قسم ہے جس کی کچھ مقدار اچھی صحت کے لیے ضروری ہوتی ہے اور یہ گریوں، مچھلی اور بیجوں جیسی غذا میں پایا جاتا ہے۔

مگر اب اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سپلیمنٹس کی شکل میں بھی دستیاب ہے اور بڑے پیمانے پر خریدے اور کھائے جاتے ہیں۔

متعدد افراد مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس کا استعمال کرتے ہیں مگر ان رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ یہ کیپسول دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت نہیں ہوتے۔

پہلی تحقیق اس حوالے سے اب تک کی سب سے طویل اور بڑی تحقیق تھی، جس میں دیکھا گیا کہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز یا وٹامن ڈی سپلیمنٹ سے دل کی دھڑکن کی بے ترتبی کے عارضے atrial fibrillation کے حوالے سے کوئی فائدہ ہوتا ہے۔

امریکا کے سیڈرز سینائی میڈیکل سینٹر کی اس تحقیق میں کہا گیا کہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز یا وٹامن ڈی دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی کی روک تھام میں مدد نہیں ملتی۔

محققین کے مطابق ماضی میں تحقیقی رپورٹس میں وٹامن ڈی اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کے استعمال کے دل کی دھڑکن کے اس عام عارضے کے حوالے فوائد یا نقصان کے حوالے سے کوئی واضح جواب نہیں دیا گیا تھا۔

یہ تحقیق 5 سال تک جاری رہی جس میں 25 ہزار سے زائد افراد کو شامل کیا گیا جن کی عمر 50 سال یا اس سے زیادہ تھی جبکہ ان میں دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی کی کوئی تاریخ موجود نہیں تھی۔

تحقیق کے دوران 3.6 فیصد مریضوں میں atrial fibrillation کی تشخیص ہوئی، مگر سپلیمنٹس کے استعمال سے دیگر افراد میں اس بیماری کے خطرے میں کوئی نمایاں فرق نہیں دیکھا گیا۔

دوسری تحقیق میں مچھلی کے تیل کے استعمال سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض کے خطرے میں کمی کی جانچ پڑتال کی گئی۔

 

اس تحقیق میں 13 ہزار سے زیادہ افراد کا جائزہ لیا گیا تھا جن کا علاج statins سے ہورہا تھا جبکہ دل کی شریانوں کے امراض کا خطرہ بہت زیادہ تھا۔

ان رضاکاروں کا جائزہ جون 2017 سے جنوری 2020 تک لیا گیا اور اسے قبل از وقت اس وقت روک دیا گیا جب اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کا کوئی فائدہ نظر نہیں آیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ یہ سپلیمنٹس استعمال کرنے والے افراد میں فائدے کی بجائے غذائی نالی پر منفی اثرات کی شرح ان سے دور رہنے والے افراد کے مقابلے میں 25 فیصد سے زیادہ تھی۔

محققین کا کہنا تھا کہ متعدد ٹرائلز سے اب ثابت ہوچکا ہے کہ مچھلی کے تیل کے دل کی شریانوں کی صحت پر کوئی مثبت اثرات مرتب نہیں ہوتے۔

ٹیگس