مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کی طرف سے غزہ کی المناک صورت حال پر تشویش کا اظہار، فلسطینیوں کے لئے امداد کی فوری ترسیل کا مطالبہ
دنیا کے کئی ممالک کے وزرائے خارجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں غزہ کی المناک صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وہاں مصائب و آلام کا شکار فلسطینیوں کے لئے لازمی امداد کی فوری ترسیل کا مطالبہ دہرایا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا نیوز کے مطابق کینیڈا، ڈینمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، جاپان، ناروے، سویڈن، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان میں اعتراف کیا کہ غزہ میں انسانی صورت حال نسبتاً بہتری کے ایک دور کے بعد، ایک بار پھر خراب ہو رہی ہے اور اب بھی تباہ کن ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ موسم سرما قریب آنے کے ساتھ ہی، غزہ میں عام شہریوں کو خوفناک حالات کا سامنا ہے اور شدید بارشوں اور کم درجہ حرارت نے متاثرہ آبادی پر اضافی دباؤ ڈال دیا ہے۔ بیان پر دستخط کنندگان نے زور دیا ہے کہ 13 لاکھ افراد اب بھی فوری طور پر پناہ گاہوں کے محتاج ہیں اور نصف سے زائد طبی مراکز بھی جزوی طور پر فعال ہیں اور انہیں ضروری طبی سامان اور اشیا کی کمی کا سامنا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
مذکورہ 10 ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں صحت اور سیوریج انفراسٹرکچر کی مکمل تباہی کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس صورت حال نے تقریباً ساڑھے سات لاکھ فلسطینیوں کو "زہریلے اور آلودہ سیلابوں" کے خطرے سے روبرو کر دیا ہے۔ بیان میں فوڈ سیکورٹی کے حوالے سے متعلقہ ادارے کی رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگرچہ اگست میں قحط کے خطرے کے بارے میں انتہائی سنگین رپورٹوں کے بعد سے بہتری کے کچھ آثار نظر آئے لیکن صورت حال اب بھی مایوس کن ہے۔