Nov ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۱:۰۰ Asia/Tehran

حضرت کریمہ اہلبیت فاطمۂ معصومہ سلام اللہ علیہا کی زیارت کی آڈیو ملاحظہ فرمائیں۔

سحرعالمی نیٹ ورک کی جانب سے ہم اپنے تمام ناظرین ، سامعین اورقارئین کرام کی خدمت میں وفات حضرت فاطمۂ معصومہ سلام اللہ علیہا کی مناسبت پرتعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں-

حضرت فاطمہ معصومہ (س) کی زندگی کا مختصر جائزہ :

 دس ربیع الثانی یوم وفات حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا ہے ،  دین مبین اسلام کی اس عظیم المرتبت خاتون کا اسم مبارک فاطمہ اورآپ کا مشہورترین لقب معصومہ ہے ۔

قم المقدسہ میں آپ کے مدفون ہونے کی وجہ سے آپ معصومہ قم کے نام سے معروف ہيں ۔ جناب فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے پدر بزرگوار حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام اوروالدہ ماجدہ جناب نجمہ خاتون ہیں اورآپ حضرت امام رضاعلیہ السلام کی ہمیشرہ گرامی ہيں ۔ جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا علوم آل محمد پر مکمل دسترس رکھتی تھیں روایتوں میں آپ کی زیارت کا بہت زیادہ ثواب بیان کیا گیا ہے -

آپ کا شماراہل بیت رسول (ص) کی بلند مرتبہ خواتین میں ہوتا ہے ۔ جناب معصومہ ایسے پاک و پاکیزہ ماحول میں پرورش کے سبب علم و معرفت و کمال کے اعلیٰ درجے پر فائز ہوئیں اوروہ مقام حاصل کرلیا کہ آپ کوعنفوان شباب میں ہی محدثہ ، شفیعہ ، معصومہ اورکریمہ کے خطاب سے یاد کیا جانے لگا تھا ۔

مورخین نے لکھا ہے ایک دن ، امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے کچھ چاہنے والے مدینہ منورہ آئے اور امام کے عصمت کدہ پرکچھ فقہی سوالات کے جواب حاصل کرنے کے لیے حاضر ہوئے لیکن یہ سن کر انہیں سخت مایوسی ہوئی کہ امام عالی مقام مدینہ سے کہیں باہر تشریف لے گئے تھے ۔انہوں نے اپنے سوالات جو وہ امام موسیٰ کاظم علیہ السلام سے پوچھنا چاہتے تھے قلمبند کئے او چاہتے تھے کہ گھر میں بھجوادیں کہ امام تحریری شکل میں ان کے جوابات بعد میں دے دیں اسی اثناء میں ایک چھ سات سالہ لڑکی گھر سے باہر آئی اوران سے خطوط کی شکل میں ان کے تحریر کردہ سوالات لئے اور کچھ دیرانتظار کرنے کو کہا اور تھوڑی دیر میں ہی ان تمام سوالات کے جوابات لکھ کر لائی اور ان کے سپرد کردیئے ۔ان لوگوں کے درمیان سترسالہ بوڑھے افراد بھی تھے جنہوں نے ایک عمراہلبیت (ع) سے عقیدت و محبت میں گزاری تھی مگر اس طرح کا منظر دیکھنے کو نہیں ملا تھا کہ ایک چھ سات سال کی لڑکی ان کے فقہی سوالات کے جواب اس انداز میں تحریر کردے ۔ چنانچہ یہ لوگ خوشی خوشی واپس ہوئے او مدینہ سے اپنے شہر کی طرف روانہ ہوگئے ۔ مدینہ سے نکلتے ہی راستے میں اتفاق سے امام موسیٰ کاظم علیہ السلام واپس آتے ہوئے دکھائی دئے اور وہ لوگ امام کی زیارت کے لیے اپنی سواریوں سے اتر پڑے اور امام کی خدمت میں سلام وارادت کا اظہار کرتے ہوئے گھر پرحاضری اور خطوط کے جوابات مل جانے کی پوری تفصیل امام علیہ السلام کے سامنے بیان کردی ، امام موسیٰ کاظم علیہ اسلام نے خطوط پرایک نظر ڈالی اورچہرہ کھل اٹھا ، اور اسی آسمانی مسکراہٹ کے ساتھ تین مرتبہ فرمایا "فداہا ابوہا "اس کا باپ اس پرفدا ہوجائے ۔

سنہ 179 میں جس وقت ہارون نے امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کو قید کرکے بغداد کے جیل خانے میں ڈالا ہے جناب فاطمۂ معصومہ چھ سات سال کی تھیں لہذا آپ اسی زمانے سے امام علی رضا علیہ السلام کے گھر میں ان کے ساتھ رہنے لگیں اور بھائی کی سرپرستی میں ہی علمی عرفانی اور اخلاقی کمالات حاصل کئے ۔ جناب فاطمہ معصومہ مدینہ کی خواتین کے درمیان نبی اکرم کی احادیث بھی نقل فرماتی تھیں اورعباسی دور کی غبار آلود فضاؤں میں بھی حق و حقانیت کی شمعیں روشن کئے ہوئے تھیں ، چنانچہ حدیث غدیر اور حدیث منزلت کے راویوں میں آپ کا نام بھی ذکر ہوا ہے اس کے علاوہ حضرت علی (ع) کے دوستوں کی شان و منزلت میں بھی آپ نے معصومین علیہم السلام سے احادیث نقل کی ہیں۔

سنہ 198 میں جب امین اپنے بھائی مامون کے ہاتھوں قتل ہوگيا او عباسی حکومت پوری طرح مامون کے ہاتھ میں آگئی تو مامون نے امام علی رضا علیہ السلام کو مدینہ سے خراسان بلا لیا او معصومۂ قم کو بھائی سے جدائی کا غم سہنا پڑا جو آپ کے لیے سخت سے سخت تر ہوتا چلا گیا بالآخر سنہ 201 میں آپ نے بھی اپنے چند دوسرے بھائیوں اور عزيزوں کے ساتھ امام رضا علیہ السلام سے ملاقات کے لیے خراسان کا سفر کیا مگر جس وقت آپ شہر ساوہ میں تھیں راستے میں ہی بھائی کی شہادت کی خبرملی اورآپ برداشت نہ کرسکیں اور سولہ سترہ دن کے بعد ہی درد فراق میں مبتلا یہ بہن بھائی کی خدمت میں پہنچ گئی اور قم میں ہی آپ کو دفن کردیا گیا ۔

امام رضا علیہ السلام نےاپنی زندگی میں ہی آپ کی منزلت بیان کرتے ہوئے فرمایا تھا: جو شخص بھی -معصومہ کی قم میں زیارت کرے گا اس نےگویا میری مشہد میں زيارت کی 

ڈاکومینٹری - حرم حضرت معصومہ (س)  قم- ایران

قم میں حضرت معصومہ (س) کا روضہ آج بھی مرجع خلائق ہے جہاں ہر خاص و عام حاضری دیتا ہے ۔آپ کے روضے کےنزدیک عالم اسلام کی عظیم ترین دینی درسگاہ قائم ہے ایسی درسگاہ جو علمی اور دینی اہداف کے علاوہ استقامت ، پائیداری اوراسلامی قیام کے مرکز کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔

ٹیگس