Mar ۱۱, ۲۰۲۱ ۰۶:۰۰ Asia/Tehran
  • کورونا کی برطانوی قسم دو گنا زیادہ جان لیوا ہے

ایک طبی تحقیق میں یہ کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی برطانوی قسم توقعات سے دو گنا جان لیوا ہے۔

تحقیق میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں گزشتہ سال ستمبر میں دریافت ہونے والی کورونا وائرس کی نئی قسم پرانی اقسام کے مقابلے میں زیادہ متعدی ہے جبکہ اب انکشاف ہوا ہے کہ یہ زیادہ جان لیوا بھی ہے۔

یہ انکشاف ایک لاکھ سے زائد کوویڈ کیسز کی جانچ پڑتال کے بعد سامنے آیا۔

برطانوی سائنسدانوں نے جنوری 2021 میں کہا تھا کہ ایسا ممکن ہے کہ یہ نئی قسم نہ صرف زیادہ متعدی ہے بلکہ یہ پرانی اقسام کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ جان لیوا بھی ہوسکتی ہے۔

مگر اب طبی جریدے بی ایم جے میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ برطانوی قسم پرانی اقسام کے مقابلے میں 64 فیصد زیادہ جان لیوا ہے۔

برسٹل، لنکاشائر، واروک اور ایکسٹر یونیورسٹیوں کی مشترکہ تحقیق میں یکم اکتوبر 2020 سے 29 جنوری 2021 کے دوران کورونا کی برطانوی قسم سے متاثر 54 ہزار مریضوں کا موازنہ اتنی ہی تعداد میں پرانی قسم سے بیمار ہونے والے افراد سے کیا۔

انہوں نے عمر، جنس، نسل، علاقے اور سماجی حیثیت جیسے عناصر کو مدنظر رکھ کر یقینی بنایا کہ اموات کی وجہ کوئی اور نہ ہو۔

محققین نے دریافت کیا کہ کورونا کی اوریجنل قسم سے شرح اموات ہر ایک ہزار میں 2.5 تھی مگر برطانوی قسم میں یہ شرح ہر ایک ہزار میں 4.1 تک پہنچ گئی، جو 64 فیصد زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی یہ نئی قسم نہ صرف زیادہ تیزی سے پھیل سکتی ہے بلکہ یہ زیادہ جان لیوا بھی نظر آتی ہے۔

ٹیگس