صحتمند رہنا چاہتے ہیں تو روزہ رکھیئے!
تحقیقات بتاتی ہیں کہ صحتمند، تندرست اور طاقتور بنے رہنے کے لئے روزہ رکھنے کا بڑا مؤثر کردار ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا بھر میں انسانی زندگی کے لئے شدید خطرہ بننے والی وبا کورونا سے متعلق یہ بات سامنے آئی ہے کہ روزہ (خاص وقت تک بھوکا رہنا یا کھانا پینا چھوڑ دینا) اس بیماری کے خلاف بہت مؤثر اور مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ پانی زیادہ استعمال کرنے اور اکثر روزہ (خاص وقت تک کھانا پینا چھوڑ دینا) رکھنے والے لوگوں کو کورونا وائرس زیادہ نقصان نہیں پہنچاتا، ایسے لوگوں میں بیماری کے دوران اسپتال جانے اور موت کا خطرہ کم ہوتاہے اور مختلف بیماریوں میں مبتلا بھی نہیں ہوتے۔
اس حوالے سے تحقیق کی گئی جس کے مطابق کورونا سے متاثرہ 250 افراد میں سے 73 لوگوں کو بیماری نے اتنا نقصان نہیں پہنچایا، کورونا سے متاثرہ مذکورہ 73 افراد کم از کم مہینے میں ایک بار خاص وقت تک بھوکے رہتے یا صرف پانی کا استعمال کرتے۔ محققین کا کہنا ہے کہ ایسے لوگوں میں کورونا کی وجہ سے اسپتال میں داخلے یا پھر بیماری سے موت کا خطرہ بھی کم دیکھنے میں آیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ہونے والی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اگر آپ صحت مند تندرست اور طاقتور بننا چاہتے ہیں تو اندازے کے مطابق خوراک لیں اور روزہ رکھیں۔