کیمیائی عدم توازن، ڈپریشن کا سبب نہیں
ایک بڑے ریسرچ کے بعد جب سائنسدانوں کو کوئی واضح ثبوت نہیں ملا کہ سیروٹونن کی کمی، ڈپریشن کے لیے ذمہ دار ہے، انہوں نے اینٹی ڈپریشن کے وسیع استعمال پر سوال اٹھایا ہے۔
اینٹی ڈپریشن کے نسخے سنہ 1990 سے حد سے زیادہ بڑھ چکے ہیں۔ انگلینڈ میں چھ میں سے ایک بالغ اور 2% نوعمروں کو اب اینٹی ڈپریشن تجویز کیا جا رہا ہے۔ دنیا بھر میں لاکھوں لوگ اینٹی ڈپریشن کا باقاعدہ استعمال کرتے ہیں۔یونیورسٹی کالج لندن میں سائیکاٹری کی پروفیسر اور نارتھ ایسٹ لندن NHS فاؤنڈیشن ٹرسٹ میں ماہر نفسیات، جوانا مونکریف نے کہا کہ "بہت سے لوگ اینٹی ڈپریشن لیتے ہیں کیونکہ وہ یہ مانتے ہیں کہ ان کے ڈپریشن کی کوئی بائیو کیمیکل وجہ ہے، لیکن یہ نئی تحقیق بتاتی ہے کہ یہ یقین ثبوت پر مبنی نہیں ہے،"
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم یقینی طور پر کہہ سکتے ہیں کہ کئی دہائیوں پر محیط ایک وسیع تحقیق کے بعد، اس بات کا کوئی قابل قبول ثبوت نہیں ملا ہے کہ ڈپریشن، سیروٹونن کی کمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ ہزاروں لوگ اینٹی ڈپریشن کے ضمنی اثرات کا شکار ہیں، بشمول شدید انخلاء کے اثرات، پھر بھی نسخے کی شرح میں اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ صورتحال جزوی طور پر اس غلط عقیدے کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے کہ ڈپریشن کیمیائی عدم توازن کی وجہ سے ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ عوام کو آگاہ کیا جائے کہ یہ عقیدہ سائنس پر مبنی نہیں ہے۔"