وٹامن ڈی: صحت کے 5 حیرت انگیز فوائد
وٹامن ڈی مدافعتی نظام کے لیے اہم ہوتا ہے۔
اب ایک حالیہ تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ وٹامن ہارٹ اٹیک کا سامنا کرنے والے افراد میں دوسرے ہارٹ اٹیک کا خطرہ کم کرتا ہے۔
اس تحقیق میں بتایا گیا کہ ہم نے وٹامن ڈی سپلیمنٹس کے استعمال کے کسی قسم کے مضر اثرات کا مشاہدہ نہیں کیا۔
مگر دنیا بھر میں متعدد افراد کو وٹامن ڈی کی کمی کا سامنا ہوتا ہے، جس کا حصول سورج کی روشنی، مختلف غذاؤں یا سپلیمنٹس سے ممکن ہوتا ہے۔
درج ذیل میں آپ جان سکتے ہیں کہ جسم میں وٹامن ڈی کی مناسب سطح سے صحت کو کیا فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
دل کے لیے مفید

طبی ماہرین کی جانب سے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی اور دل کی شریانوں کے امراض کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی گئی ہے۔
مختلف تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ مناسب مقدار میں وٹامن ڈی کے استعمال سے امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
حالیہ تحقیق جس کا ذکر اوپر کیا جاچکا ہے، وٹامن ڈی کے استعمال کا ایک اور فائدہ دریافت ہوا۔
ماہرین کے مطابق جسم میں وٹامن ڈی کی سطح بڑھانے سے نہ صرف امراض قلب سے تحفظ مل سکتا ہے بلکہ شریانوں کے متعدد مسائل بشمول فالج کا خطرہ بھی گھٹ سکتا ہے۔
دماغی افعال بہتر ہوتے ہیں

وٹامن ڈی سپلیمنٹس کے استعمال سے دماغی تنزلی سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جسم میں وٹامن ڈی کی معمولی کمی سے ڈیمینشیا کا خطرہ 53 فیصد اور الزائمر کا خطرہ 69 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
جسم میں وٹامن ڈی کی زیادہ کمی سے ڈیمینشیا یا الزائمر کا خطرہ دوگنا زیادہ بڑھ جاتا ہے۔
ایک اور تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 40 سے 50 سال کی عمر کے افراد کو بھی وٹامن ڈی کی کمی سے دماغی تنزلی کا سامنا ہوسکتا ہے۔
محققین کے خیال میں وٹامن ڈی دماغ میں ورم کو کم کرتا ہے اور تکسیدی تناؤ سے تحفظ فراہم کرتا ہے جس سے دماغی تنزلی کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے

وٹامن ڈی ہڈیوں کی صحت کے لیے بھی بہت اہم ہوتا ہے کیونکہ یہ جسم میں کیلشیئم کی مقدار کو ریگولیٹ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق وٹامن ڈی جسم میں کیلشیئم اور فاسفیٹ کے جذب ہونے کے عمل کو بڑھاتا ہے اور ہڈیوں کے لیے ضروری منرلز کو یقینی بناتا ہے۔
وٹامن ڈی کی کمی سے ہڈیوں کے بھربھرے پن یا دیگر مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔
منہ کی صحت بہتر بناتا ہے

متعدد تحقیقی رپورٹس میں وٹامن ڈی کی کمی اور دانتوں کی ناقص صحت کے درمیان تعلق دریافت کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق وٹامن ڈی کی کمی سے دانتوں کی کمزوری اور منہ میں زخموں کے بھرنے کے عمل میں تاخیر جیسے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔
ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ وٹامن ڈی کی کمی سے مسوڑوں کے سنگین انفیکشن سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
مسلز کو مضبوط بناتا ہے

وٹامن ڈی سپلمنٹس کے استعمال سے معمر افراد کو مسلز مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
2022 کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ جسم میں وٹامن ڈی کی کمی سے عمر میں اضافے کے ساتھ مسلز کی کمزوری میں اضافہ ہوتا ہے۔
یہ وٹامن مسلز کی مرمت میں مدد فراہم کرتا ہے، مسلز کے کھچاؤ کے لیے کیلشیئم کی فراہمی یقینی بناتا ہے اور ورم کو کم کرتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok