ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کی ایک اور شکست
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سپر ٹین مرحلے کے آخری میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور سری لنکا کو بلے بازی کرنے کی دعوت دی۔ سری لنکا کے کھلاڑی جنوبی افریقہ کے بالروں کا جم کر مقابلہ نہ کر سکے اور پوری ٹیم انّیس اعشاریہ تین اوور میں ایک سو بیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ رن دلشان نے بنائے جن کا اسکور چھتّیس رہا۔ جواب میں ایک سو اکّیس رن کا ہدف جنوبی افریقہ نے صرف دو وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے ہاشم آملہ نے اچھی بلے بازی کرتے ہوئےچھپّن رنز بنائے۔
واضح رہے کہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہیں۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا پہلا سیمی فائنل نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان تیس مارچ کو نئی دہلی میں اور دوسرا سیمی فائنل ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اکتّیس مارچ کو ممبئی میں ہو گا۔ ان میچوں میں جیتنے والی ٹیموں کے درمیان فائنل میچ تین اپریل کو کھیلا جائے گا۔