منشیات کی لعنت پر قابو پانے کے لئے ہمہ گیر جدوجہد پر تاکید
ایران کے وزیر داخلہ نے منشیات کی لعنت پر قابو پانے کے لئے ہمہ گیر جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی کا کہنا تھا کہ منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لئے ایران کی سیکورٹی فورس کے جوانوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور قربانیوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ منشیات کی یورپ ترسیل کی روک تھام میں بے پناہ قربانیاں دینے کے باوجود بعض ممالک ایران کے ساتھ ضروری تعاون نہیں کر رہے ہیں۔
ایران کے وزیر داخلہ نے پولش صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے اخبارات میں یہ شہ سرخی لگائیں کہ ایران یورپ کو منشیات کی عالمی مشکل پر قابو پانے کی غرض سے ٹھوس اور ہمہ گیر جدوجہد کی دعوت دیتا ہے۔
انہوں نے ایران اور پولینڈ کے درمیان طے پانے والے سیکورٹی اور اقتصادی سمجھوتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتیں باہمی تعاون اور تعلقات کے فروغ کا پختہ ارادہ رکھتی ہیں۔
ایران کے وزیر داخلہ نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے اور پرامن ایٹمی سرگرمیوں کو تسلیم کرلئے جانے کے بعد عالمی برادری کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کا فروغ ایران کی پالیسی میں سر فہرست ہے۔