Jun ۰۴, ۲۰۱۶ ۱۳:۰۹ Asia/Tehran
  • عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد علی کلے چل بسے

امریکہ کے عالمی شہرت یافتہ باکسر اور سابق ہیوی ویٹ چیمپیئن محمد علی کلے کا طویل علالت کے بعد چوہتر برس کی عمر میں انتقال ہوگیا۔

پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے عالمی شہرت یافتہ باکسر اور سابق ہیوی ویٹ چیمپیئن محمد علی کلے کا طویل علالت کے بعد چوہتر برس کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ محمد علی سانس کی تکلیف کی وجہ سے گزشتہ چند روز سے امریکی شہر فینکس کے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ محمد علی پارکنسن کی بیماری میں مبتلا تھے اور کچھ عرصے سے صاحب فراش تھے۔

محمد علی کو پہلی انٹرنیشنل فتح انیس سو ساٹھ میں ملی،جب انھوں نے روم اولمپک میں سونے کا تمغہ جیتا۔

محمد علی کلے انیس سو چونسٹھ، انیس سو چوہتر اور انیس سو اٹہتر میں باکسنگ کے عالمی چیمپیئن رہے۔ 17 جنوری انیس سو بیالیس میں پیدا ہوئے اور انیس سو چونسٹھ میں اسلام قبول کیا جس کے بعد ان کا نام محمد علی رکھا گیا۔

محمد علی کی نماز جنازہ امریکی ریاست کینٹکی میں ان کے آبائی علاقے لوئس ولی میں ادا کی جائے گی۔ عظیم باکسر کی وفات پر کینٹکی میں سرکاری عمارتوں پرامریکی پرچم سرنگوں کردیئے گئے ہیں۔

ٹیگس