سابق وکٹ کیپر کورٹنی براؤن ویسٹ انڈیز کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین مقرر
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے سابق وکٹ کیپر کورٹنی براؤن کو سلیکشن کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے اعلامیے کے مطابق کورٹنی براؤن کو دوسال کے لیے سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقررکیا گیا ہے اور اس فیصلہ پرعمل درآمد فوری طور پر ہوگا۔
کورٹنی براؤن نامور کرکٹ اسٹار اور سابق کپتان کلائیو لائیڈ کی جگہ لیں گے جنہیں خصوصی سفیر مقرر کیا جارہا ہے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے اعلامیے کے مطابق کلائیو لائیڈ، یکم اکتوبر دوہزار سولہ کو خصوصی سفیر کی حثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ موجودہ عہدے کی مدت تیس ستمبر دوہزار سولہ کو ختم ہوجائے گی۔
کلائیو لائیڈ نے اگست دوہزار چودہ میں سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور ان کی منتخب کردہ ٹیم نے رواں سال ہندوستان میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
سلیکشن کمیٹی کے نئے چیئرمین کورٹنی براؤن، بیس ٹیسٹ اور چھیالیس ون ڈے میچوں میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔ وہ بارباڈوس کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اور ویسٹ انڈیز ٹیم کے متبادل سلیکٹر کے طورپر کام کر چکے ہیں۔