Jun ۲۷, ۲۰۱۶ ۰۷:۱۱ Asia/Tehran
  • تین ملکی سیریزفائنل:آسٹریلیانے ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی

ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے تین ملکی سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 58 رنز سے شکست دیدی۔

آسٹریلیا نے میچ میں جیت کے ساتھ تین ملکی سیریز کی ٹرافی بھی جیت لی۔ مچل مارش کو مین آف دی میچ اور جاش ہیزل وڈ کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ میچ برج ٹاؤن، باربیڈوس میں کھیلا گیا اور ٹورنامنٹ میں تیسری ٹیم جنوبی افریقہ کی تھی۔

میچ میں کینگروز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 270 رن بنائے۔

 میتھیو ویڈ 57 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ ایرون فنچ 47 اور کپتان اسٹیون اسمتھ 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کالی آندھی ٹیم کے بولرز کی جانب سے جیسن ہولڈر اور شینن گیبریل نے 2،2 وکٹ حاصل کئے۔

کالی آندھی ٹیم 271 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 212 رنز پر آؤٹ ہو گئی،ٹیم کی جانب سے جوناتھن چارلس 45 اور دینیش رام دین 40 رن بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

کینگروز ٹیم کے بولرز کی جانب سے جاش ہیزل وڈ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 اور مچل مارش نے 3 وکٹ حاصل کئے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا، جبکہ آسٹریلوی ٹیم ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی تھی۔

 

ٹیگس