پیرا اولمپکس: ایرانی ویٹ لفٹر نے تمام عالمی ریکارڈ توڑ دیے
ایرانی ویٹ لفٹر سیامند رحمان نے دو ہزار سولہ کے ریو پیرا اولمپکس میں تمام عالمی ریکارڈ توڑتے ہوئے سونے کا تمغہ جیت لیا۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ریو پیرا اولمپکس میں ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں کے آخری روز ایران کے ویٹ لفٹر سیامند رحمان نے ایک سو سات کلوگرام سے زیادہ کی کیٹگری میں پہلی باری میں ہی دو سو ستر کلوگرام وزن اٹھا کر سونے کا تمغہ یقینی بنا لیا۔
سیامند رحمان نے دوسری باری میں تین سو کلوگرام وزن کا انتخاب کیا تاکہ دو سو چھیانوے کلوگرام وزن اٹھانے کا عالمی ریکارڈ توڑ سکیں، جو خود انھوں نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے عالمی مقابلوں میں بنایا تھا، یہ ریکارڈ بھی انھوں نے آسانی سے توڑ دیا۔ انھوں نے اپنی تیسری باری میں تین سو پانچ کلوگرام وزن کا انتخاب کیا اور اس بار بھی آسانی کے ساتھ یہ وزن اٹھا کر تیسری مرتبہ اپنا عالمی ریکارڈ بہتر بنایا۔
ریو پیرا اولمپکس دو ہزار سولہ کے مقابلوں میں شرکت کرنے والے اس ایرانی ویٹ لفٹر نے اپنی چوتھی باری میں تین سو دس کلوگرام وزن کا انتخاب کیا اور یہ وزن اٹھا کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس طرح سیامند رحمان نے پیرا اولمپکس کھیلوں میں شہدائے منی کے نام سے گولڈ میڈل حاصل کیا جو ایران کا ان کھیلوں میں مجموعی طور پر چھٹا گولڈ میڈل تھا
اس سے قبل پچاس میٹر مکس شوٹنگ میں ایران کی سارہ جوانمردی نے ریکارڈ توڑتے ہوئے اپنا دوسرا طلائی تمغہ جیتا تھا۔