ریو پیرا اولمپکس: ایرانی سائیکلسٹ حادثے میں جاں بحق
ایرانی سائیکلسٹ بہمن گلبار نژاد کہ جو ہفتے کے روز سائیکل ریس کے مقابلے کے دوران حادثے کا شکار ہو گئے تھے، اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہو گئے۔
ریو سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی سائیکلسٹ بہمن گلبار نژاد ہفتے کے روز ریو پیرا اولمپکس مقابلوں میں شریک تھے کہ حادثے کا شکار ہو گئے جس کے دوران ان کی گردن پر گہری چوٹ آئی۔ انھیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری تھا اور ان کی حالت بہتر بتائی جا رہی تھی لیکن آخرکار وہ آپریشن کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
ریو پیرا اولمپکس کی اختتامی تقریب میں اس ایرانی سائیکلسٹ کے احترام میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ بہمن گلبار نژاد کے سوگ میں اولمپک ولیج میں ایران کا پرچم اور اولمپکس کا پرچم سرنگوں رہا۔
واضح رہے کہ بہمن گلبار نژاد نے بین الاقوامی مقابلوں میں ایران کے لیے ایک سلور میڈل اور بارہ گولڈ میڈل جیتے تھے۔ وہ بیس سال کی عمر میں صوبہ فارس سے محاذ جنگ پر گئے تھے اور بعثی دشمن کی بچھائی ہوئی بارودی سرنگ کے دھماکے میں ان کا بایاں پاؤں ضائع ہو گیا تھا۔