ایران کے کیانوش رستمی دنیا کے سب سے بہترین ویٹ لیفٹر کھلاڑی کے طور پر منتخب
اسلامی جمہوریہ ایران کے ویٹ لیفٹر کیانوش رستمی کو دو ہزار سال کا دنیا کا سب سے بہترین ویٹ لیفٹر منتخب کیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل ویٹ لیفٹنگ فیڈریشن نے ایران کے ویٹ لیفٹر کیانوش رستمی کو سال دو ہزار سولہ کے بہترین ویٹ لیفٹر کا انعام وصول کرنے کے لئے اس سلسلے کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے-
اسنا نیوز ایجنسی کے مطابق دو ہزار سولہ کے اولمپیک میں سونے کا تمغہ جیتنے والے ایرانی ویٹ لیفٹر کیانوش رستمی کو انٹرنیشنل ویٹ لیفٹنگ فیڈریشن کے ذریعے کرائے گئے سروے میں سب سے زیادہ ووٹ ملے ہیں اور یوں انہیں ویٹ لیفٹینگ میں دو ہزارسولہ کا سب سے بہترین کھلاڑی منتخب کیا گیا-
دو ہزار سولہ کے بہترین کھلاڑی کو انعام سے نوازنے کی تقریب تھائیلینڈ میں ویٹ لیفٹنگ کے نوجوانوں کے عالمی مقابلے کے موقع پر منعقد ہو گی-
نوجوانوں کا ویٹ لیفٹنگ کا عالمی مقابلہ تین سے دس اپریل تک جاری رہے گا-
ایران کے ویٹ لیفٹر کیانوش رستمی نے ریو اولمپیک میں تین سو چھیانوے کلوگرام وزن اٹھا کر سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا- اس درمیان ایران کے ویٹ لیفٹروں نے ایران کے جنوبی صوبے خوزستان میں ہونے والے فجر بین الاقوامی ویٹ لیفٹنگ کپ میں چھپن، باسٹھ اور انہتر کلوگرام میں سونے کے تین تمغے حاصل کئے-
جمعے کو ایران کے صوبہ خوزستان کے صدر مقام اہواز میں فجرکپ کے نام سے بین الاقوامی ویٹ لیفٹنگ کا مقابلہ دنیا کے دس ملکوں کے ستانوے ویٹ لیفٹروں کی شرکت سے منعقد ہوا-
اس مقابلے میں ایرانی ویٹ لیفٹروں حسن گل پرور، یعقوب بشوتنی اور مصطفی زراعی نے مختلف وزن میں سونے کے تین تمغے حاصل کئے-
فجر کپ میں ایران کے علاوہ آذربائیجان، ترکی، اٹلی، رومانیہ، صربستان، تھائیلینڈ، افغانستان، اردن، کیمرون اور امریکا کے ویٹ لیفٹروں نے شرکت کی۔