ایران کی والیبال ٹیم کے سلسلے میں امریکی پولیس کا غیر اخلاقی رویّہ
ایران کی وزارت کھیل نے قومی والیبال ٹیم کے ساتھ امریکی حکام کے رویّے کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو غیر اصولی اور بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا ہے-
امریکی فیڈرل پولیس ایف بی آئی نے ایران کی قومی والیبال ٹیم کے شیکاگو ہوائی اڈے پر پہنچنے پر ٹیم کے کھلاڑیوں کی تلاشی لی- اس سے پہلے بھی امریکی حکومت نے قومی والیبال ٹیم کے دو کھلاڑیوں اور ٹیم کے مینیجر کو ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا-
ایران کی وزارت کھیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کھیل پر حکمفرما جذبہ باہمی احترام اور دنیا کے کھلاڑیوں کے حقوق کے تحفظ کے اصولوں پراستوار ہوتا ہے اور ایران کی قومی والیبال ٹیم کے سلسلے میں امریکی حکام کا توہین آمیز رویّہ کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے-
ایران کی وزارت کھیل نے کہا ہے کہ والیبال کی بین الاقوامی فیڈریشن ایف وائی وی بی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مسئلے کا نوٹس لے- ایران کی قومی والیبال ٹیم، والیبال نیشن لیگ دو ہزار اٹھارہ کے مقابلے میں شرکت کے لئے امریکی ریاست ایلینویز گئی تھی جہاں اس کا مقابلہ پولینڈ، صربیہ اور امریکا سے ہوا-