ایشیا کپ: بنگلہ دیش کی سری لنکا کو شکست
ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو باآسانی 137 رنز سے شکست دیدی۔
دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکا کے تجربہ کار باؤلر لاستھ ملنگا نے لٹن داس اور شکیب الحسن کو پویلین رخصت کرکے تباہ کن آغاز کر دیا۔ ابھی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے ہی اوور میں تمیم اقبال انجری کا شکار ہوکر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے اور ایک طرح سے بنگلہ دیشی ٹیم 3 وکٹوں سے محروم ہو گئی۔
اس موقع پر تجربہ کار مشفیق الرحیم کا ساتھ دینے محمد متھن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے سری لنکن فیلڈرز کی ناقص کارکردگی کی بدولت 131 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔
بنگلا دیش کی پوری ٹیم سری لنکا کے خلاف آخری اوور میں 261 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور فتح کے لیے سری لنکن ٹیم کو 262 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم محض 124 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور ٹیم کو بہت بڑے مارجن 137 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستانی ٹیم آج اتوار کو پہلا میچ ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی جب کہ پاکستان اور ہندوستان کے مابین مقابلہ 19 ستمبر کو ہوگا۔