ایشیا کپ میں پاکستان کے ہاتھوں ہانگ کانگ کی شکست
پاکستان نے اپنے ابتدائی میچ میں ہانگ کانگ کو باآسانی ہرادیا، ہانگ کانگ کی جانب سے دیا گیا 117 رنز کا ہدف 2وکٹوں کے نقصان پر 24 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
دبئی میں کھیلےگئے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان کی مضبوط بالنگ اٹیک کے سامنے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 116 بنا کرآؤٹ ہوگئی۔
ہانگ کانگ کی جانب سے اعزاز خان 27 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ کےڈی شاہ نے 26اورانشومنت راتھ 19رنز بنا کر نمایاں رہے۔ہانگ کانگ کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
پاکستان کی جانب سے عثمان خان شنواری سب سے کامیاب بالر رہے جنہوں نے 3وکٹیں حاصل کیں،شاداب خان اور حسن علی نے 2،2 جبکہ فہیم اشرف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔نوجوان اوپنر امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ شعیب ملک 9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، بابر اعظم نے 33 اور فخر زمان نے 24 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوئی تھیں جس میں بنگلا دیش نے سری لنکا کو 137 رنز سے شکست دی تھی۔