ایشیا کپ میں ہندوستان کے ہاتھوں پاکستان کو شکست
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر 4 مرحلے میں ہندوستان نے پاکستان کو ایک بار پھر شکست دے کرکامیابی حاصل کرلی۔
پاکستانی ٹیم ایک بار پھر ہندوستان کے خلاف مکمل طور پر ناکام ہوگئی، پاکستان کا 238 رنز کا ہدف ہندوستان نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھون نے 210 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دے کر جیت کی راہ ہموار کی، دونوں بیٹسمینوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچریاں اسکور کیں۔ شیکھر دھون نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 114 رنز بنائے جب کہ کپتان روہت شرما 111 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، رائڈو نے 12 رنز کی باری کھیلی۔ ہندوستان نے مطلوبہ ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 40ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
قبل ازیں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز پورے کھیلتے ہوئے پاکستانی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز ہی بنا سکی۔
ایونٹ میں پاکستان اور ہندوستان پہلے بھی مد مقابل ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔