کرکٹ عالمی ورلڈ کپ میں افغانستان اور سری لنکا آج آمنے سامنے
پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کل انگلینڈ کو شکست دی تھی۔
بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں آج کارڈف کے مقام پر آمنے سامنے ہوں گی۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں اور دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی میچز ہار چکی ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سری لنکا کو پہلے میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ کپ کا جاندار آغاز کیا تھا جبکہ آسٹریلیا نے افغانستان کی ٹیم کو پہلے میچ میں 7 وکٹوں سے مات دے کر میگا ایونٹ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میگا ایونٹ میں کم بیک کیلئے بیانات دئیے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔
یاد رہے ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کل جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی جبکہ پاکستان کی ٹیم اپنا تیسرا میچ 7 جون کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا اور یہ میچ برسٹل کے مقام پر کھیلا جائے گا۔
جبکہ کل کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے چھٹے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی۔
ورلڈکپ 2019 کے افتتاحی میچ میں بدترین شکست کے بعد پاکستان کی ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 348 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی۔