Jul ۰۶, ۲۰۱۹ ۰۷:۳۶ Asia/Tehran
  • ورلڈ کپ کرکٹ میں آج ہندوستان اور سری لنکا جبکہ آسٹریلیااور جنوبی افریقہ مد مقابل

ورلڈ کپ کرکٹ کے ایک میچ میں کل پاکستان نے بنگلادیش کو شکست دی۔

ورلڈ کپ کرکٹ میں آج ہندوستان اور سری لنکا جبکہ آسٹریلیااور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ جبکہ اس سے قبل کل پاکستان نے بنگلادیش کو شکست دی۔ پاکستان کے 316 رنز کے جواب میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 221 رنز پرآوٹ ہوگئی۔

آخری میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور امام الحق نے کیا تاہم صرف 23 کے مجموعی اسکور پر فخرزمان 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ون ڈاؤن آنے والے بابر اعظم نے امام الحق کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، دونوں نے 157 رنز کی شراکت قائم کی تاہم بابراعظم 96 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اوپنر امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور سنچری اسکور کی تاہم اگلی ہی گیند پر وہ ہٹ وکٹ ہوگئے ۔

میچ کے دوران عماد وسیم نے زوردار شارٹ کھیلا تاہم گیند کپتان سرفراز احمد کے ہاتھ پر جالگی جس کے باعث سرفراز احمد زخمی ہوکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، سرفراز کے زخمی ہونے کے بعد اماد وسیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور 25 گیندوں پر 43 رنز بنائے جس کی بدولت قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز ہی بناسکی۔

بنگلادیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں ۔

ہدف کے تعاقب میں نوجوان بولر شاہین آفریدی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے بنگلادیشی بیٹنگ لائن  کے پرخچے اڑادیے، پیسر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 35 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے شکیب الحسن کے سوا کوئی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا، ورلڈکپ میں سب سے زیادہ اسکور بنانے والے بیٹسمین شکیب الحسن نے 64 رنز کی باری کھیلی جس میں 6 چوکے بھی شامل تھے۔

پاکستان کی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے 311 رنز سے فتح درکار تھی تاہم گرین شرٹس کا یہ خواب لارڈز کے تاریخی میدان میں پورا نہ ہوسکا۔

  پاکستان نے 9 میچوں میں سے 5 جیتے اور تین میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ ڈرا ہوا،  11 پوائنٹس کے باوجود ناقص رنز ریٹ کے باعث پاکستانی ٹیم فائنل فور میں رسائی سے محروم رہی اور بہتر رنز ریٹ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

ٹیگس