وینیزویلا نے اوپیک کے ہنگامی اجلاس کا مطالبہ کر دیا
Sep ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۵ Asia/Tehran
وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو نے تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق نکولس مادورو نے کہا ہے اب وقت آ گیا ہے کہ تیل کی قیمت میں اضافے سے متعلق تجاویز پیش کرنے کے لئے اوپیک کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے۔واضح رہے کہ جون کے مہینے سے اب تک تیل کی قیمت میں ستائیس فیصد تک کمی واقع ہوچکی ہے۔ وینیزویلا جیسے اوپیک کے رکن بعض ممالک تیل کی قیمت میں اضافے کے لئے اوپیک کے تیل کی پیداوار میں کمی کرنے کے حق میں ہیں۔ جبکہ مشرق وسطی کے بعض ممالک تیل پیدا کرنے پر مبنی اپنا حصہ برقرار رکھے جانے کے خواہاں ہیں۔ وینیزویلا کی معیشت کا انحصار تیل پر ہے۔ وینیزویلا کو پہلے سے ہی اقتصادی کساد بازاری اور افراط زر کا سامنا ہے جس کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے اس ملک کی معیشت پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔