جمہوریہ آذربائیجان میں عام انتخابات
جمہوریہ آذربائیجان میں عام انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے جن میں نیوآذربائیجان پارٹی نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں -
جمہوریہ آذربائیجان کے چیف الیکشن کمشنر مظاہرپناہ اف نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کے دوران کہا کہ پچپن فیصد سے زائد رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ اکیاون لاکھ رائے دہندگان میں سے تقریبا انتیس ہزار رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا-
جمہوریہ آذربائیجان کے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس بارکے عام انتخابات میں پولنگ کی شرح گذشتہ الیکشن کے مقابلے میں چھے فیصد زیادہ رہی- جمہوریہ آذربائیجان کے چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ اس بار کے عام انتخابات میں مجموعی طور پر بائیس پارٹیوں نے اپنے امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا ان میں نیوآذربائیجان پارٹی نے سب سے زیادہ انہتر سیٹیں حاصل کی ہیں- ان کا کہنا تھا کہ نو دیگر جماعتوں کے دس امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ چھالیس نشستیں آزاد امیدواروں نے جیتی ہیں -
جمہوریہ آذربائیجان کے چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ اس بار کے عام انتخابات ميں اکیس خاتون امیدواروں نے بھی کامیابی حاصل کی ہے- ان کا کہنا تھا کہ جن امیدواوں کو نتائج پر اعتراض ہے وہ اپنی شکایتیں آئندہ بیس روز تک الیکشن کمیشن کو بھیج سکتے ہيں-
واضح رہے کہ جمہوریہ آذربائیجان میں پانچویں عام انتخابات یکم نومبر کوہوئے تھے-