یورپی یونین میں اصلاحات کی ضرورت پر زور
برطانوی وزیر اعظم نے یورپی یونین میں اصلاحات کی ضررورت پر زور دیا ہے۔
ارنا کے مطابق برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے منگل کو لندن کے چیٹم ہاؤس تھنک ٹینک میں تقریر کے دوران کہا کہ ان کی حکومت نے یورپی یونین میں اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان اصلاحات کا تعلق برطانیہ کی قومی سلامتی سے ہے ۔انھوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ برطانیہ نے جن اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے وہ ناممکن نہیں ہیں۔
ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ آج یورپی رہنماؤں کو جن مسائل کا سامنا ہے اگر ان پر نظر ڈالیں، تو برطانیہ کے مد نظر اصلاحات کو ناممکن نہیں کہا جاسکتا۔ انھوں نے کہا کہ برطانیہ کے عوام دو ہزار سترہ تک یورپی یونین میں باقی رہنے یا اس سے نکل جانے کے بارے میں ایک ریفرنڈم کے ذریعے فیصلہ کریں گے۔
ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ یہ برطانوی عوام کی زندگی کا اہم ترین فیصلہ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ یورپی یونین کے قوانین میں اصلاحات کے بارے میں مذاکرات منگل سے قانونی اور سرکاری مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں ۔ برطانوی وزیر اعظم نے بتایا کہ انھوں نے یورپی کونسل کے چیئرمین کے نام اپنے خط میں وضاحت کی ہے کہ جن اصلاحات کا مطالبہ کیا گیا ہے وہ صرف برطانیہ کے ہی فائدے میں نہیں ہیں بلکہ پوری یورپی یونین کے فائدے میں ہیں۔
رپورٹوں کے مطابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے یورپی کونسل کے چیئرمین کے نام خط میں جو مطالبات پیش کئے ہیں ان میں یہ بھی شامل ہے کہ برسلز ایک شفاف بیان جاری کرکے یہ اعلان کرے کہ برطانیہ یورپی یونین کے بنیادی اصولوں کی پابندی سے معاف ہے۔