سی آئی اے: پیرس دہشت گردانہ حملوں کے منصوبے کا علم تھا۔
Nov ۱۷, ۲۰۱۵ ۱۰:۲۴ Asia/Tehran
سی آئی اے کے سربراہ نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی تنظیم کو پیرس دہشت گردانہ حملوں کے منصوبے کا علم تھا۔
پریس ٹی وی کے مطابق امریکی خفیہ تنظیم سی آئی اے کے سربراہ جان برنن نے دو ہزار پندرہ میں عالمی سلامتی کے زیر عنوان سوال و جواب کی ایک نشست میں کہا ہے کہ سی آئی اے کو اس بات کا علم تھا کہ دہشت گردوں نے یورپ میں حملوں کا منصوبہ بنایا ہے۔جان برنن نے جو عام طور پر لوگوں کے سامنے نہیں آتے ہیں، پیر کو واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ اس نشست میں کہا کہ پیرس میں جمعے کی رات کے بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات حیرت انگیز نہیں ہیں اس لئے کہ ہمیں اس بات کا علم تھا کہ داعش نے یورپ میں اس قسم کے دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کررکھی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ان دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی ایک دو دن میں نہیں کی گئی ہے بلکہ یہ منصوبہ بندی کئی مہینے میں پوری باریک بینی کے ساتھ کی گئی تھی اس لئے کہ حملوں میں حصہ لینے والے دہشت گرد پوری طرح مسلح تھے اور ان کے پاس، دھماکہ خیز مواد اور ایسی بلٹیں اور جیکٹیں تھیں جن میں بم نصب تھے۔
سی آئی اے کے سربراہ نے کہا کہ داعش دہشت گرد گروہ پیرس دہشت گردانہ حملوں جیسے مزید حملے کرسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کا تجزیہ، یہ ہے کہ داعش پیرس دہشت گردانہ حملوں پر اکتفا نہیں کرے گا اور وہ خود کو عراق اور شام تک محدود نہیں رکھے گا بلکہ اپنی کارروائیوں کا دائرہ وسیع تر کرے گا۔