دہشت گردی سے مقابلے کے لئے بان کی مون کا نیا منصوبہ
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لئے امریکہ اور روس کے باہمی تعاون کی اپیل کی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے ملائیشیا میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کے سالانہ سربراہی اجلاس میں دہشت گردی سے مقابلے کے لئے امریکہ اور روس کو باہمی تعاون کی دعوت دی۔
بان کی مون نے کہا کہ وہ آئندہ عیسوی سال کے شروع میں انتہا پسندی اور تشدد سے مقابلے کے سلسلے میں ایک جامع منصوبہ پیش کریں گے۔ بان کی مون نے داعش کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مشترکہ دشمن داعش اور دوسرے دہشت گرد اور انتہا پسند گروہوں کا مقابلہ کرنے کے لئے بین الاقوامی اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔
بان کی مون نے مزید کہا کہ وہ دہشت گردی کے بعض علل و اسباب کا قلع قمع کرنے کے سلسلے میں روس اور امریکہ کے اقدام اور مشترکہ زاویہ نگاہ کو سراہتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ وہ رکن ممالک کے نظریات، تجاویز اور تجربات کو اکٹھا کر رہے ہیں اور آئندہ عیسوی سال کے شروع میں تشدد اور انتہا پسندی کو شکست دینے کے سلسلے میں ایک جامع منصوبہ پیش کریں گے۔