جرمن فوجی افغانستان میں باقی رہیں گے
جرمن چانسلر نے کہا ہے کہ جرمن فوجی آئںدہ کئی برسوں تک افغانستان میں موجود رہیں گے۔
ارناکی رپورٹ کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ جرمن فوجی دوہزارسولہ کے بعد بھی افغانستان میں باقی رہیں گے۔ انہوں نے یہ بات افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کے دوران کہی۔ افغانستان کے شمالی شہر قندوز پر طالبان کے قبضے کے بعد جرمنی نے افغانستان میں اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھا دی ہے اور مزید نو سو اسی فوجی افغانستان روانہ کئے ہیں۔
پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق سات سو جرمن فوجی جو شمالی افغانستان میں تعینات تھے اگلے سال کے آغاز میں وطن واپس جانے والے تھے لیکن اب دوہزار سولہ کے آخر تک افغانستان میں رہیں گے۔ اگرچہ جنگ میں حصہ لینے والے جرمن فوجی دو سال قبل افغانستان سے وطن واپس چلے گئے ہیں لیکن اب بھی جرمنی کے سات سو فوجی مزار شریف میں تعینات ہیں جو افغاں فوج کو ٹریننگ دینے کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔