یورپی یونین: ایران پرعائد پابندیوں کے التوا کی مدت میں توسیع
یورپی یونین نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس نے جنیوا معاہدے کے مطابق ایران پر عائد پابندیوں کے التوا کی مدت میں جنوری کے آخر تک توسیع کر دی ہے۔
روئیٹرز کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین نے جمعرات کے روز ایران پر اقتصادی پابندیوں کے التوا کی مدت میں مزید دو ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔ یورپی اور ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پرعمل درآمد عنقریب شروع ہو جائے گا۔
روئیٹرز نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ پابندیوں کے التوا کی مدت میں اٹھائیس جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے، لکھا ہے کہ سفارت کاروں کو توقع ہے کہ ایران پرعائد تمام ایٹمی پابندیاں اس تاریخ سے قبل اٹھا لی جائیں گی۔
یورپی یونین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مغربی ممالک تیار ہیں کہ جونہی ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی مشترکہ جامع ایکشن پلان میں کیے گئے ایرانی وعدوں پرعمل درآمد کی تائید کرے، تو وہ ایٹمی پابندیوں کو ختم کر دیں۔