سویڈن کے سفیر اسرائیل سے چلے گئے
سویڈن کے سفیر اسرائیل سے واپس اپنے ملک چلے گئے ہیں۔
لبنان کے المیادین چینل کی رپورٹ کے مطابق تل ابیب میں سویڈن کے سفیر ماجنوس نیسیر، اپنے ملک کی وزیر خارجہ کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مظالم پر تنقید کی بنا پر خود کو صیہونی حکومت کی وزارت خارجہ میں طلب کیے جانے کے بعد تل ابیب سے واپس اسٹاک ہوم چلے گئے۔ سویڈن کی وزیر خارجہ مارگوٹ والسٹروم نے انتفاضہ قدس کے دوران فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے تشدد آمیز اقدامات کے بارے میں تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
صیہونی حکومت کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اس مطالبے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس قسم کے مطالبات اسرائیل کے نقصان میں ہیں۔ انسانی حقوق کی حامی تنظیموں نے صیہونی حکومت پر فلسطینیوں کو کچلنے کے لیے طاقت اور تشدد کے حد سے زیادہ استعمال کا الزام لگایا ہے۔
صیہونی فوجیوں نے اکتوبر دو ہزار پندرہ سے لے کر اب تک انتفاضہ قدس کے دوران تقریبا ایک سو ساٹھ فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔