یورپی کونسل کی جانب سے ایران پر عائد تمام پابندیاں اٹھانے کا اعلان
یورپی کونسل نے ایران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے لگائی گئی تمام مالی و اقتصادی پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد یورپی کونسل نے بھی سولہ جنوری کو ایران پر عائد تمام پابندیاں اٹھا لی ہیں۔
چودہ جنوری دو ہزار پندرہ کو چین فرانس جرمنی روس برطانیہ اور امریکہ کے علاوہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر دستخط کیے۔
جس کا مقصد اس بات کی ضمانت دینا تھا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام پرامن ہے۔ اس کے مطابق یہ طے پایا کہ ایران پر ایٹمی حوالے سے لگائی گئی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، یورپی یونین اور امریکہ کی تمام پابندیاں بعض اقدامات انجام دینے کے بعد اٹھا لی جائیں گی۔
اٹھارہ اکتوبر دو ہزار پندرہ کو یورپی کونسل نے ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے سے متعلق قانونی اقدامات کی منظوری دی لیکن اس شرط کے ساتھ کہ آئی اے ای اے اس بات کی تائید کرے کہ ایران نے مشترکہ جامع ایکشن پلان میں کیے گئے اپنے وعدوں پر عمل کیا ہے۔
اس سے قبل یورپی یونین نے ایران پر عائد بعض پابندیوں کو ملتوی کر دیا تھا اور اب مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد تمام پابندیاں ختم ہو جائیں گی۔