بشار اسد کے مستقبل کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ شام کے عوام ہی کرسکتے ہیں: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ شام کے صدر بشار اسد کے مستقبل کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ شام کے عوام ہی کرسکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان فرحان حق نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صدر بشار اسد کے بارے میں عالمی ادارے کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا موقف یہ ہے کہ صدر بشار اسد کے مستقبل کا فیصلہ شامی عوام ہی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنیوا تین مذاکرات میں شریک شامی دھڑے صدر بشار اسد کے مستقبل کے بارے میں تبادلہ خیال کرسکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نےکہا کہ بان کی مون نے تمام اہم ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شام کے حوالے سے تعمیری کردار ادا کریں تاکہ اس بحران کو ختم کیا جاسکے۔
ادھر روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ شام کے بارے میں جنیوا مذاکرات ستائیس اور اٹھائیس جنوری کو ہوں گے۔ اس سے پہلے یہ مذاکرات پچیس جنوری کو ہونے والے تھے تاہم بعض نامعلوم وجوہات کی بنا پرانہیں موخر کردیا گیا۔