بان کی مون پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام
صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون پر دہشت گردی کی حمایت کرنے کا الزام لگایا ہے-
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نتن یاہو نے غرب اردن میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر جاری رکھنے پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی تنقید پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، بان کی مون پر دہشت گردی کی حمایت کرنے کا الزام عائد کر دیا-
نتن یاہو نے منگل کو ایک بیان میں صیہونی حکومت کے قبضے سے اپنی زمینوں کو آزاد کرانے کے لئے فلسطینیوں کی کوششوں کو دہشت گردانہ اقدام قرار دیا اور تل ابیب کی غاصبانہ پالیسیوں کی مخالفت میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے بیانات کو دہشت گردی کی حمایت قرار دیا- صیہونی وزیراعظم نے دعوی کیا کہ فلسطینی، یہودیوں کو قتل کرنا چاہتے ہیں-
اسرائیلی حکومت کے یہ بیانات ایسے عالم میں سامنے آئے ہیں کہ صیہونی فوجی، اکتوبر دو ہزار پندرہ سے لے کر اب تک فلسطین کے بے گناہ بچوں سمیت ایک سو انسٹھ افراد کو قتل کر چکے ہیں-
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے منگل کو مشرق وسطی کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غرب اردن میں صیہونی حکومت کے نئے تعمیراتی منصوبوں کو اشتعال انگیز قرار دیا اور کہا کہ ان اقدامات سے صرف کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور اختلافات کے سیاسی حل کے مستقبل کو نقصان پہنچ رہا ہے-