حزب اللہ کی صلاحیتوں پر صیہونی حکومت کی تشویش
صیہونی حکومت کی فوج نے حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کے اس بیان پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ مزاحمتی قوت صیہونی حکومت کی ہر طرح کی کارروائیوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے -
صیہونی حکومت کی فوج کے ایک سینئر کمانڈر الون مندر نے، جو جنوبی لبنان سے ملحقہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تعینات اسرائیلی فوج کے ڈویژن کے کمانڈر ہیں، ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہا ہے کہ لبنان سے ملنے والی مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں کے حالات انتہائی دھماکہ خیز ہیں - انہوں نے حزب اللہ کی توانائیوں اور میدان جنگ کے اس کے تجربات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج کو زمینی اور سمندری خطرات سے نمٹنےکے لئے پوری طرح آمادہ رہنا چاہئے -
اسرائیلی فوج کے کمانڈر نے کہا کہ حزب اللہ کی میزائلی طاقت اور اسرائیلی اقدامات کا جواب دینے کے لئے حزب اللہ کے اندر پایا جانے والا جذبہ تل ابیب کے لئے باعث تشویش ہے - مذکورہ اسرائیلی فوجی عہدیدار نے اعتراف کیا کہ حزب اللہ کہ جس نے غزہ کی جنگ کو قریب سے دیکھا ہے اور اسرائیلی معاشرے میں پائے جانے والے خوف و ہراس کو بھی اچھی طرح جانتی ہے وہ ممکنہ جنگ کی صورتحال میں اپنے تجربات سے بھرپور استفادہ کرے گی -
واضح رہے کہ حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے ابھی حال ہی میں اپنے خطاب میں شام میں صیہونی حکومت، سعودی عرب اور ترکی کی ناکامی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ حزب اللہ کے پاس جو توانائی اور فوجی ساز و سامان ہے وہ اس کے ذریعے اسرائیل کو نابود کرسکتی ہے-