شمالی کوریا نے اپنی طاقت کے مظاہرے کے لئے متعدد میزائل فائر کئے ہیں
شمالی کوریاکے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی منظوری کے کچھ ہی گھنٹے بعد پیونگ یانگ نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لئے کئی میزائل سمندر میں فائر کئے
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے کم فاصلے تک مار کرنے والے اپنے میزائل، ملک کے مشرقی ساحلوں کی جانب فائرکئےہیں - خبروں میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی صبح دس بجے کم فاصلے تک مارکرنے والے اپنے چھے میزائل بحیرہ جاپان میں فائرکئے -
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے ترجمان مون سانگ گیون نے کہا ہے کہ ان کی وزارت شمالی کوریا کے اس اقدام کا جائزہ لے رہی ہے - ان کا کہنا تھا کہ جنوبی کوریا کی فوج شمالی کوریا کے ہرقسم کے غیر ضروری اقدام پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے -
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنے بدھ کے اجلاس میں امریکا کے ذریعے پیش کی گئی قرارداد کو متفقہ طور پر پاس کردیا ہے جس کے تحت شمالی کوریا پر مزید تجارتی اور اقتصادی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں - ان پابندیوں کے تحت شمالی کوریا کے سولہ تجارتی نمائندوں اور بارہ تجارتی کمپنیوں پر اقوام متحدہ کی طرف سے پابندیاں عائدکی گئی ہیں -
سلامتی کونسل نے یہ قرارداد جنوری اور فروری کے اوائل میں شمالی کوریا کے ذریعے بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کےخلاف پاس کی ہے -
بعض سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پچھلے دوعشروں کے دوران اقوام متحدہ کی جانب سے شمالی کوریا کےخلاف یہ سخت ترین پابندیاں ہیں-