Mar ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۹:۰۶ Asia/Tehran
  • کینیڈا کے وزیر اعظم کی ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کی خواہش

کینیڈا کے وزیر اعظم نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈا کے اخبار ہافنگٹن پوسٹ سے انٹرویو میں کہا ہے کہ ان کی حکومت ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی چاہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگرچہ ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی میں وقت لگے گا لیکن انھوں نے اس سلسلے میں ضروری اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

جسٹن ٹروڈو نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے جامع ایٹمی معاہدے کو مثبت اقدام قرار دیا اور کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سفارتی تعلقات کی بحالی کے تعلق سے کینیڈا ایران کے لئے مثبت سگنل بھیج رہا ہے۔

یاد رہے کہ چار سال قبل کینیڈا کے سابق وزیراعظم اسٹیفن ہارپر کے دور حکومت میں ایران اور کینیڈا کے سفارتی تعلقات منقطع ہو گئے تھے۔ اسٹیفن ہارپر کے دور حکومت میں اوٹاوا اور تل ابیب کے تعلقات میں کافی فروغ آیا تھا جس کے نتیجے میں ایٹمی معاملے میں کینیڈا نے ایران کے خلاف معاندانہ موقف اختیار کیا اور سرانجام تہران اور اوٹاوا کے سفارتی تعلقات منقطع ہو گئے تھے ۔

کینیڈا کے موجودہ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اس انٹرویو میں ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مشرق وسطی کے بارے میں شفاف اور واضح پالیسی اختیار کرنا چاہتے ہیں چاہے اس کے لئے انہیں اسرائیل جیسے دوست پر تنقید ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔ جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ وہ واضح اور شفاف پالیسی جاری رکھیں گے کیونکہ کینیڈا کے عوام یہی چاہتے ہیں۔

ٹیگس