مزید جوہری تجربات کئے جانے کی ضرورت ہے، شمالی کوریا کے رہنما کی ہدایات
شمالی کوریا کے رہنما نے اپنے ملک کے جوہری سائنسدانوں کو مزید جوہری تجربات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون نے اپنے ملک کے حکام اور فوجی و ایٹمی ماہرین سے کہا ہے کہ وہ ایٹمی حملے کرنے کے لئے خود کو آمادہ کریں۔ شمالی کوریا کے رہنما نے اس سے قبل اس سلسلے میں صرف چوکس رہنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
کیم جونگ اون نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ شمالی کوریا کی فوج کے لئے ضروری ہے کہ وہ دشمنوں کے خلاف ہر طرح کے زیر زمین، بری، بحری اور فضائی ایٹمی حملے کرنے کے لئے تیار رہے۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا کے رہنما نے حال ہی میں کہا ہے کہ ان کے ملک نے چھوٹے ایٹمی وار ہیڈز بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے اور ان ہتھیاروں کو بلسٹیک میزائلوں کے ذریعے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یہ ایسے میں ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے سیٹیلائٹ خلا میں چھوڑے جانے اور ہائیڈروجن بم کے تجربے کے اعلان کے بعد اقوام متحدہ کی جانب سے اس ملک کے خلاف شدید ترین پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔