امریکی صدر کے عہدے کے لئے ڈونالڈ ٹرمپ کا انتخاب عالمی معیشت کے لئے خطرہ ہے: برطانیہ کا ریسرچ گروپ ای آئی یو
برطانیہ کے ریسرچ گروپ ای آئی یو نے کہا ہے کہ امریکا کے صدر کے عہدے کے لئے ڈونالڈ ٹرمپ کا انتخاب عالمی معیشت کے لئے ایک خطرہ ہوگا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ای آئی یو نے کہا ہے کہ اگر امریکا کی صدارت ڈونالڈ ٹرمپ کے ہاتھوں میں آگئی تو یہ عالمی معیشت کو غیر مستحکم کرنے کے تعلق سے دنیا کو لاحق بڑے خطرات میں سے ایک ہوگا -
ای آئی یو کی جانب سے جاری کی گئی حالیہ درجہ بندی میں خطرات کی درجہ بندی ایک سے پچیس پوائنٹس کے اسکیل پر کی گئی ہے -
مذکورہ درجہ بندی میں ریپبلیکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی فتح انڈیکس میں بارہویں درجے پر رکھا گیاہے جبکہ چینی معیشت کی ترقی کو بیسویں درجے پر رکھا گیا ہے -
اس درجے بندی کی تشریح میں برطانیہ کے ریسرچ گروپ اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ ای آئی یو نے چین کے بارے میں ٹرمپ کی پالیسیوں کے اظہار اور اسلام و مسلمانوں کے تعلق سے ان کے متنازعہ بیانات کا حوالہ دیا ہے -
واضح رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر ایک بڑی دیوار کی تعمیر کی تجویز بھی پیش کی تھی تاکہ بقول ان کے غیر قانونی تارکین وطن اور منشیات کے اسمگلروں کو امریکا میں داخل ہونے سے روکا جاسکے -
ان کے اس بیان پر ان کے متعدد انتخابی جلسوں میں ہنگامہ بھی ہوا تھا اور ان کو اپنے کئی جلسے منسوخ کرنے پڑے تھے -
مسلمانوں کے خلاف انہوں نے مخاصمانہ بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ مسلمانوں پر امریکا میں داخلے پر پابندی لگنی چاہئے جبکہ اس سے بھی بڑھ کر انہوں نے ایک بیا ن میں کہا تھا کہ ہم اسلام سے نفرت کرتے ہیں -
ای آئی یو نے خبردار کیا ہے کہ اگر ٹرمپ کو امریکا کا عہدہ صدارت مل گیا تو عالمی معیشت میں عدم استحکام پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ خود امریکا کے لئے سیاسی اور سیکورٹی سے متعلق خطرات میں اضافہ ہوجائے گا –
ڈونالڈ ٹرمپ کے متنازعہ بیانات پر امریکا کے اندر اور پوری دنیا میں سخت تنقید کی جارہی ہے۔