امریکی صدر اوباما تاریخی دورے پر کیوبا پہنچ گئے
امریکی صدر باراک اوباما کیوبا کے تین روزہ تاریخی دورے پر ہوانا پہنچ گئے۔ یہ کسی بھی امریکی صدر کا 88 سال بعد کیوبا کا پہلا دورہ ہے۔
امریکی صدر باراک اوباما اپنے اس دورے میں کیوبا کے اپنے ہم منصب راؤل کاسٹرو سے ملاقات کریں گے- صدر اوباما اپنی فیملی کے ہمراہ ہوانا پہنچے تو ایئر پورٹ پر کیوبا کے وزیر خارجہ برونو روڈریگز نے ان کا استقبال کیا ۔
صدر اوباما ہوانا میں براہ راست عوام سے خطاب بھی کریں گے جسے کیوبا کی حکومت کے مطابق پورے ملک میں نشر کیا جائے گا۔
سنہ 1928 کے بعد کسی امریکی صدر کا کیوبا کا یہ پہلا دورہ ہے۔ کیوبا اور امریکہ کے درمیان تعلقات اس وقت منقطع ہو گئے تھے جب 1959ء میں فیڈل کاسٹرو اور شی گوویرا کی سربراہی میں انقلابی فورس نے امریکہ نواز حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا ،جس کے بعد سے واشنگٹن اور ہوانا کے سفارتی تعلقات منقطع ہوگئے تھے۔ لیکن جنوبی افریقہ کے آنجہانی رہنما نلسن منڈیلا کی آخری رسومات میں پہلی بار اوباما اور راؤل کاسٹرو نے ملاقات کی اور اس کے بعد سے کیوبا کا پرچم چوّن سال کے بعد ، واشنگٹن میں اس ملک کے سفارتخانے پر لہرانے لگا-