تدمر میں شامی فوج کی کامیابی پر امریکہ کا ردعمل
امریکہ نے شہر تدمر کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لئے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے ایک پریس کانفرنس میں تاریخی شہر تدمر میں دہشت گردوں کے مقابلے میں شام کے صدر بشار اسد کو حاصل ہونے والی کامیابی کا خیر مقدم کیا۔
امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ واشنگٹن کی نظر میں یہ ایک اچھی خبر ہے کہ تاریخی شہر تدمر پر اب دہشت گردوں کا قبضہ نہیں ہے۔ جان کربی نے کہا کہ داعش دہشت گرد گروہ نے شہر تدمر میں تاریخی آثار کو مٹانے سے متعلق جو کچھ بھی کیا اسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
داعشی دہشت گردوں نے شہر تدمر میں آثار قدیمہ کو شدید نقصان پہنچانے کے علاوہ آثار قدیمہ کے ایک ماہر کا سربھی قلم کر دیا تھا۔
شام میں فوج کے ہاتھوں تاریخی شہر تدمر کی آزادی کا خیر مقدم کرنے کے باوجود امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام کے اندرونی مسائل میں مداخلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ امریکہ کا خیال ہے کہ شام میں بشاراسد کی بڑھتی ہوئی توانائی سے شام اور اس ملک کے عوام کو کوئی اچھی امید نہیں رکھنی چاہئے۔