Apr ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۶:۲۳ Asia/Tehran
  • واشنگٹن میں تحریک بہار جمہوریت کے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پارلیمنٹ کے سامنے تحریک بہار جمہوریت کے احتجاجی مظاہرے کا سلسلہ جاری ہے۔

واشنگٹن میں امریکی ایوان نمائندگان کے سامنے تحریک بہار جمہوریت کے کارکنوں کا دھرنا اور مظاہرہ کئی دن سے جاری ہے۔ سیاست سے پیسے کے کردار کا خاتمہ اور حقیقی جمہوریت کا قیام اس تحریک کا بنیادی مطالبہ ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کے سامنے تحریک بہار جمہوریت کے کارکنوں کا یہ دھرنا ایسی حالت میں جاری ہے کہ امریکی پولیس اب تک اس تحریک کے سیکڑوں کارکنوں کو گرفتار کرچکی ہے۔

منگل کو پولیس نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا اورکئی سو مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ واشنگٹن سے موصولہ رپورٹ کے مطابق بدھ کو بھی امریکی پولیس نے ایوان نمائندگان کے سامنے مظاہرہ کرنے والے تحریک بہارجمہوریت کے نوے سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

ہمارے نمائندے کے مطابق بدھ کو واشنگٹن میں ایوان نمائندگان کے سامنے تحریک بہارجمہوریت کے کارکنوں نے ملک کے سیاسی سسٹم پر اعتراض کرتے ہوئے نعرے لگائے کہ پورے ملک اور ہر چیز پر ایک فیصد کا قبضہ ہے اوراس ایک فیصد کے تسلط سے بچنے کے لئے کوئی جگہ باقی نہیں بچی ہے۔

واشنگٹن میں ایوان نمائندگان کے سامنے جاری تحریک بہار جمہوریت کے مظاہرے کے دوران پولیس اب تک سات سو سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرچکی ہے۔

یاد رہے کہ امریکا میں تحریک بہار جمہوریت کے کارکن فلاڈیلفیا سے دس دن کا پیدل مارچ کرکے گزشتہ اتوار کو واشنگٹن پہنچے ہیں۔ واشنگٹن میں امریکی ایوان نمائندگان کے سامنے ان کا دھرنا اور مظاہرہ اتوار سے ہی جاری ہے۔

ٹیگس