شمالی کوریا کا میزائل تجربہ ناکام
جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کا بیلیسٹک میزائل تجربہ ناکام ہوگیا ہے
شین ہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی کوریا نے جمعے کی صبح "موسودان" نامی بیلسٹک میزائل اپنے مشرقی ساحل سے داغا تاہم یہ میزائل تجربہ ناکام ہوگیا-
سئول حکام کا کہنا ہے کہ موسودان نامی بیلسٹک میزائل اپنے راستے سے منحرف ہوگیا جس کے باعث یہ تجربہ ناکام رہا- شمالی کوریا نے موسودان میزائل کا یہ پہلا تجربہ کیا ہے-
سئول حکام کے مطابق یہ میزائل تجربہ شمالی کوریا کے بانی رہنما کم ال سنگ کے یوم پیدائش کے موقع پر کیا گیا -
واضح رہے کہ شمالی کوریا نے گزشتہ جنوری میں جوہری تجربہ کیا تھا جس کے بعد امریکہ اور عالمی برادری نے اس پر سخت پابندیاں عائد کردی تھیں ۔ شمالی کوریا دعویٰ کرتا ہے کہ اس نے بین البراعظمی میزائل تیار کر لیا ہے جو امریکہ کو ہدف بنا سکتا ہے۔