Apr ۲۰, ۲۰۱۶ ۰۷:۵۳ Asia/Tehran
  • یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی
    یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ یورپی یونین جولان پر صیہونی حکومت کے قبضے کو تسلیم نہیں کرتی ہے۔

برسلز سے فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق فیڈریکا موگرینی نے برسلز میں فلسطین کے اقتصاد کے بین الاقوامی مالی حامیوں کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر کہا کہ یورپی یونین انیس سو سڑسٹھ سے قبل کی سرحدوں کے دائرے سے باہر علاقوں کے بارے میں اسرائیل کے دعووں کو تسلیم نہیں کرتی ہے اور یہ یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کا مشترکہ موقف ہے۔

واضح رہے کہ صیہونی حکومت کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اتوار کے روز اسرائیلی کابینہ کے اجلاس میں کہا تھا کہ جولان کا مقبوضہ علاقہ ہمیشہ کے لیے اسرائیل کی حاکمیت میں رہے گا۔ شام اور عرب لیگ نے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسرائیل نے جون انیس سو سڑسٹھ کی جنگ کے بعد جولان کی پہاڑیوں کے بارہ سو مربع کلومیٹر کے علاقے پر قبضہ کر لیا تھا۔ باقی تقریبا پانچ سو دس مربع کلومیٹر کا علاقہ شام کے کنٹرول میں ہے۔ اسرائیل نے انیس سو اکاسی میں جولان کی مقبوضہ پہاڑیوں کو اپنے سرزمین میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا جسے عالمی برادری تسلیم نہیں کرتی ہے۔

ٹیگس