امدادی رقم سے پاکستان کو طیارے نہیں دے سکتے: امریکی محکمہ خارجہ
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے فیصلہ کرنے میں خود مختار ہے۔ ایف سولہ طیاروں کی خریداری سے متعلق پاکستان کو خود فیصلہ کرنا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ دنیا میں تمام ممالک اپنی دفاعی ضروریات کے مطابق خود فیصلے کرتے ہیں۔
یہ پاکستان پر منحصر ہے کہ وہ اپنی دفاعی ضروریات کیسے پوری کرے گا۔ یقینا پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی خریداری سے متعلق خود فیصلہ کرنا ہے۔
جان کربی کا کہنا تھا کہ خطے میں پاکستان کے ساتھ تعلقات انتہائی اہم اور ضروری ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں اس ترجمان نے کہا کہ امریکا گزشتہ کئی سالوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی ضروریات اور صلاحیتیں بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز واضح کیا تھا کہ وہ کانگریس کی مخالفت کے باعث امدادی رقم سے پاکستان کو طیارے نہیں دے سکتا۔