صومالیہ: ایک بازار پر دہشت گردانہ حملہ
جنوب مغربی صومالیہ کے ایک بازار پر الشباب دہشت گرد گروہ کے حملے میں ایک شخص جاں بحق اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق صومالیہ کے ایک وزیر اوگاس حسن کا کہنا ہے کہ افجوئی بازار میں ایک مسلح شخص نے دستی بم سے حملہ کر دیا جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور چار دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ اس وزیر کے بیان کے مطابق سیکورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا جس سے تفتیش جاری ہے۔
اگرچہ الشباب گروہ نے تین برس قبل موغادیشو سے پسپائی اختیار کرتے ہوئے بیشتر شہروں کا کنٹرول افریقی یونین کی فورسز کے سپرد کر دیا تاہم اس انتہا پسند گروہ کے افراد کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
الشباب گروہ نے دو ہزار چھے میں صومالیہ میں اپنے وجود کا اعلان کیا جس کے بعد اس نے اس ملک میں اپنے خاص قوانین نافذ کرنے کی کوشش کی۔ یہ گروہ، کہ القاعدہ کے ساتھ جس کے رابطے ہیں، صومالیہ کی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔
حکومت صومالیہ نے بھی عالمی حمایت کے پیش نظر ملک سے الشباب دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے اپنی مہم تیز کر دی ہے۔