May ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۶:۵۳ Asia/Tehran
  • آسٹریا: بشار اسد کے بارے میں بحث کی مخالفت

آسٹریا کے وزیر خارجہ نے بشار اسد کے بارے میں بحث کو بے فائدہ قرار دیا ہے۔

آسٹرین ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ سباسٹین کرز نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ بشار اسد کے بارے میں بحث لاحاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ بشار اسد کے بارے میں بحث میں کافی وقت ضائع ہو چکا ہے۔ آسٹریا کے وزیر خارجہ نے شام کے بارے میں ویانا میں رابطہ گروپ کے اجلاس کے بارے میں کہا کہ اس اجلاس میں شام کے صدر بشار اسد کے بعد کے دور کے بارے میں بہت کم گفتگو کی جائے گی۔ شام کے بارے میں رابطہ گروپ کا اجلاس ویانا میں منگل کو ہو رہا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف رابطہ گروپ کے اجلاس میں شرکت کے لئے ویانا روانہ ہو گئےہیں ۔

آسٹریا کے وزیر خارجہ سباسٹین کرز نے کہا کہ رابطہ گروپ کے ویانا اجلاس میں اہم ممالک شرکت کر رہے ہیں، جس کے پیش نظر اجلاس کی کامیابی کا کافی امکان ہے۔

یاد رہے کہ شام کے بحران کے حل کے تعلق سے رابطہ گروپ میں اسلامی جمہوریہ ایران، روس، امریکا اور سعودی عرب سمیت بیس ممالک شامل ہیں۔

رابطہ گروپ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی حمایت سے بحران شام کے حل کے لئے ایک نقشہ راہ پر کام شروع کر دیا ہے۔ یہ نقشہ راہ شام میں جنگ بندی کے بعد، حکومت اور مخالفین کے درمیان مذاکرات ، نئے آئین کی تدوین اور اٹھارہ مہینے میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کی تجویز پر مشتمل ہے۔

ٹیگس