فرانس میں لیبر قانون کے خلاف مظاہرے
فرانس میں پولیس نے نئے لیبر قانون کے درجنوں مخالفین کو گرفتار کرلیا ہے-
فرانسیسی ذرائع کے مطابق بدھ کو فرانس میں نئے لیبر قانون کے خلاف مظاہروں میں تقریبا ساٹھ ہزار افراد نے شرکت کی ۔ اس رپورٹ کے مطابق پولیس نے بدھ کو نئے لیبر قانون کے ستاسی مخالفین کو گرفتار کرلیا ہے ۔ فرانس کی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ پولیس کے ساتھ مظاہرین کی جھڑپوں کے بعد ان افراد کو گرفتار کیا گیا۔
یاد رہے کہ فرانس میں مارچ کے اواخر سے نئے لیبر قانون کے خلاف ملک گیر مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان مظاہروں کے دوران پولیس اور مظاہرین کے تصادم میں نئے لیبر قانون کے ایک ہزار سے زائد مخالفین اور تقریبا ساڑھے تین سو پولیس اہلکار زخمی ہوچکے ہیں ۔
نئے لیبر قانون کے خلاف ملک گیر مظاہروں کے باوجود فرانسیسی حکومت نے اس قانون کو پاس کروانے کے عزم پر تاکید کی ہے ۔ فرانس کی پارلیمنٹ نے بھی نئے لیبر قانون کے بل کے ابتدائی جائزے میں اس کی تائید کردی ہے۔